مانچسٹر (جیوڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں موسم گرما میں آخری مرتبہ بدھ کو اولڈ ٹریفورڈ میں مدمقابل ہوں گی۔ آخری ون ڈے جیتنے کے بعد شاہینوں کی اڑان اونچی ہے۔
وکٹ کیپر سرفرازاحمد پہلی مرتبہ ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین اوئن مورگن میزبان ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی فائنلسٹ مورگن الیون آئی سی سی رینکنک میں پانچویں اور پاکستان ساتویں پوزیشن پر ہے۔ ریکارڈ بک پر نظر ڈالی جائے تو انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مختصر فارمیٹ کے تیرہ میچز میں انگلینڈ دس اور پاکستان تین میں فاتح رہا۔ گزشتہ برس نومبر میں انگلش شیروں نے قومی شاہینوں کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں تین صفر سے کلین سویپ کیا تھا۔