پاکستان پر استحصالی طبقات کی اجارہ داری و حکمرانی ہے : طاہر حسین

کراچی : پاکستان میں آج تک کسی انصاف نہیں ملا کیونکہ اس ملک پر استحصالی طبقات کی اجارہ داری ہے اور ہر قومی فیصلہ ان طبقات کی خواہشات و مفادات کے تحت کیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ محب وطن غدار قرار دیئے جارہے ہیں اور عوام کے قاتلوں و ملک دشمنوں سے مذاکرات کئے جارہے ہیں۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما شاہد قریشی، جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو، سید وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے مشرف کیخلاف خصوصی عدالت کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن اگر فیصلہ استحصالیوں کے خواہشات و مفادات کی بجائے انصاف و مساوات اور قومی مفادات کے تحت کیا جاتا تو اس کے نتائج قوم کے مستقبل کیلئے خوش آئند ثابت ہوتے مگر پاکستان کی تاریخ میں ایسی کوئی روایت نہیں ہے۔

اے پی ایم ایل کے رہنماوں نے کہا کہ مشرف کو غدار قرارد لانے کیلئے زور لگانے اور اسے غدارقرار دینے کی کوششوں کو کامیاب بنانے میں معاون بننے والے نہیں جانتے کہ آج ان کا واسطہ کسی عام آدمی سے نہیں بلکہ فوج کے سابق سربراہ اور آہنی عزم و حوصلے کے مالک ایک جراتمند کمانڈو سے ہے اور استحصالی طبقات کے اوچھے ہتھکنڈوں ‘ظالموں کا ظلم اور نا انصافی نہ تو اس کے حوصلوں کو توڑ سکتی ہے اور نہ ہی قوم کو استحصالی طبقات سے نجات دلاکر عوام کو خوشحال اور پاکستان کو مستحکم بنانے کی اس کی تحریک ”آل پاکستان مسلم لیگ “کے آگے بند باندھا جا سکے گا۔

آج کے فیصلے کو مورخ استحصالی طبقات کے حق اور حب الوطنی و مسلح افواج کیخلاف دیا جانے والا فیصلہ لکھے گا اور اگر اس ظلما ور استحصالیوں سے نجات پانے کیلئے قوم اور فوج نے یکجا ہوکر استحصالی طبقات کیخلاف جدوجہد نہیں کی تو ظلم اور ناانصافی بہت جلد ہر گھر کا دروازہ کھٹکھٹائے گی اور فوج بھی یرغمال بنالی جائے گی۔