کراچی (جیوڈیسک) کراچی سے روانہ ہونے والی پاکستان ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے انجن گوجرہ ریلوے اسٹیشن پر فیل ہوگئے، جس کے باعث سیکڑوں مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا، ٹرینوں کو اتوار کی صبح پہنچنا تھا مگر رات گئے تک اپنی منزلوں پر نہیں پہنچ سکیں۔ پاکستان ایکسپریس اور ملت ایکسپریس، دونوں کے انجن گوجرہ ریلوے اسٹیشن پر فیل ہوگئے جس کے باعث ٹرینیں کئی گھنٹے تک ریلوے اسٹیشن پر کھڑی رہیں، اس دوران مسافروں نے ریلوے حکام کے خلاف نعرے بازی کی اور احتجاج بھی کیا۔
پاکستان ایکسپریس کے مسافروں نے احتجاج کے دوران انجن کے شیشے توڑ دیئے اور ڈرائیور کو تشدد کرکے زخمی کر دیا، جس کے بعد ریلوے انتظامیہ نے فیصل آباد سے انجن منگوا کر پہلے پاکستان ایکسپریس اور پھر ملت ایکسپریس کو فیصل آباد کے لیے روانہ کیا، فیصل آباد پہنچنے پر مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلوے حکام کی غفلت کے باعث انہیں شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔