پاکستانی شائقین سوشل میڈیا پر دل کی بھڑاس نکالنے لگے

Pakistan Fans

Pakistan Fans

لاہور (جیوڈیسک) بھارت کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی شکست پر افسردہ شائقین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر دل کھول کر بھڑاس نکالی۔ ایک نوجوان نے تصویر شئیر کی جس پر لکھا تھا ”یااللہ پاکستانی ٹیم کیلئے جو کچھ بھی پڑھا تھا اس کا ثواب دادا، دادی، نانا اور نانی کی روح تک پہنچا دے۔ آمین”۔ میچ کا اختتام ہوتے ہی ایک شائق نے فیس بُک پر سٹیٹس اپ ڈیٹ کیا کہ ”یہ پاکستان کے گلی کوچوں میں اتنی خاموشی کیوں ہے بھائی”۔ مصباح کی بھرپور جدوجہد کو شائقین نے خوب سراہا۔ مصباح کی تصویر کے ساتھ یہ کیپشن بھی بے حد شئیر کیا گیا” یہ بلا پکڑ، خود کھیل لے آ کر”۔ ایک خاتون نے لکھا ” تم جیتو یا ہارو، ہمیں تم سے پیار بالکل نہیں ہے۔

دکھ کی اس گھڑی میں ہمت بندھانےوالے بھی کم نہیں تھے۔ ایک نوجوان کا کہنا تھا ” حوصلہ رکھو دوستو یہ پہلی بار نہیں ہو رہا، ٹیم پاکستان کوشش جاری رکھو”۔ پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے پاکستانی نوجوان صبح سویرے اٹھ کر ٹی وی سکرین کے سامنے جم گئے۔ ایک نوجوان اس پر کچھ یوں تبصرہ کیا ” اے وطن کے جوانوں، کرکٹ کے پاگل دیوانوں، یہ میچز تمھیں صبح جلدی جگانے کیلئے ہیں۔

کچھ شائقین نے شاعری کرکے دل کی بھڑاس کچھ یوں نکالی” پاک بھارت میچ کا جنون، اناللہ وانا الیہ راجعون”۔ ایک ناراض شہری کا کہنا تھا کہ ”عابد شیر علی کو چاہئے تھا کہ وہ 30 اوورز کے بعد لائٹ ہی بند کر دیتے”۔ ایک دل جلے نوجوان نے تھک ہار کر مطالبہ کیا کہ ”پاکستانی ٹیم کو ملائیشین ائیر لائن کے ذریعے واپس بھیجا جائے”۔ ایک نوجوان نے عمر اکمل کے کیچ چھوڑنے پر اپنے غم وغصے کا اظہار بھی کیا۔