کراچی (جیوڈیسک) برائیڈل کیٹیور ویک فیشن کی دنیا کا ایسا ایونٹ ہے جس کے ختم ہوتے ہی فیشن کے دلدادہ اگلے ایونٹ کا انتظار شروع کردیتے ہیں۔ نیا ایونٹ کب ہوگا اور کن تاریخوں پر ہوگا اس پر نظریں جمع دی جاتی ہیں۔
۔۔فیشن کے دلدادہ ایسے ہی لوگوں کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ تیرہویں برائیڈل کیٹیور ویک 2016 ء لاہور کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ رواں سال لاہور میں یہ فیشن میلہ 25،26 اور 27 نومبر کو ہوگا۔ ایونٹ ’ہم نیٹ ورک لمیٹڈ‘ کے چینل’ ہم ستارے‘ کی جانب سے آرگنائز کیا جارہا ہے ۔’ہم ستارے‘ کی انتظامیہ نے وائس آف امریکہ کے نمائندے کو بتایا کہ’ ان کی جانب سے فیشن شو کے انعقاد کا یہ مسلسل ساتواں سال ہے۔‘
انتظامیہ کے مطابق ’برائیڈل کیٹیور ویک ‘میں ہر بار عروسی ملبوسات کے انتہائی جدید ڈیزائن پیش کئے جاتے ہیں ۔ ڈیزائنرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور اسے دنیا بھر میں مقبول کرانا اس شو کی کامیابی ہے۔ برائیڈل ویک عروسی ملبوسات،ان کے ڈیزائنرز، ماڈرن میچنگ جیولری ،جیولرز، اسٹارز ، ماڈلز، میک اپ آرٹسٹس اور میوزک اس شو کی خاصیت ہیں۔
ملک کی اسٹائل اینڈفیشن انڈسٹری کو پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک متعارف کرانا اس شو کا خاصا ہے ورنہ اس سے قبل ملک میں فیشن شوز کا عنقا تھا جبکہ اب یہ حال ہے کہ سال میں دوبرائیڈل شوز منعقد ہوتے ہیں ایک لاہور میں اور دوسرا کراچی میں۔
اس کے باوجود لوگوں کی تشنگی برقرار رہتی ہے ، وہ چاہتے ہیں کہ ایسے فیشن شوز کا سلسلہ سال بھر چلتے رہنا چاہئے۔