پاکستان کی قسمت کے فیصلے کرنے والے ادھورے پاکستانی ہیں۔ حلیم عادل شیخ
Posted on August 3, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی : مسلم لیگ سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ یہ بہت دل ہلا دینے والی حقیقت ہے کہ ہمارے ملک کے حکمران وہ لوگ ہیں جن کی وفاداریا ںکسی اور ملک کے لیے ہیں۔ پاکستان کی قسمت کے فیصلے کرنے والے ادھورے پاکستانی ہیں۔ حکومت کا پٹرولیم مصنوعات میں ساڑھے پانچ روپے کا اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے۔
حکومت نے تمام تر خساروں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا نعرہ لگانے والوں نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ملک کو درپیش توانائی بحران ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے جس کا حل ایوان صدر کے نئے مکین کے پاس بھی نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سکیرٹریٹ میں نواب شاہ سے آئے ہوئے مسلم لیگ کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے حکمران آج تک اپنے فائدے کی سوچتے رہے ہیں یہ لوگ وزیرستان میں نہیں رہتے اسی وجہ سے ڈرون حملوں کے ہونے یا نہ ہونے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
بس عوام کو خوش کرنے کے لئے بلند وباگ دعوے اور اخباری بیانات تک ان کی تنقید جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کی خواہشات کے برعکس فیصلے کیئے جارہے ہیں یہ بات درست ہے کہ حکومت کو بہت سے مسائل گزشتہ حکومت سے ملے ہیں مگر بہت سے ایسے مسائل ہیں جو خود اس حکومت کے پیدا کردہ ہیں۔
موجودہ حکومت جوں جوں وقت گزار رہی ہے ملک کے اندر مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اگر ملکی مفاد میں دیکھا جائے تو ایسی حکومت کا ایک منٹ بھی قوم کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں ہے۔