نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف کرلیا، بھارتی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی وجہ سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے اور بھارتی حکومت پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کو یقینی بنانے پر کام کر رہی ہے۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا انکشاف جے شنکر نے بھارتی جنتا پارٹی کے رہنماؤں کے لیے ہونے والی فارن پالیسی کے ایک تربیتی پروگرام سے خطاب میں کیا۔
وزیر خارجہ جے شنکر کا کہنا ہے کہ مودی حکومت پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی کی گرے لسٹ میں رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ جے شنکر نے کہا کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کو اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کا کریڈٹ بھی ہماری حکومت کو جاتا ہے۔
جے شنکر نے بھارتی سازشوں کو مزید بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری وجہ سے آج پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہے اور ہم پاکستان پر دباؤ ڈالنے میں بھی کام یاب رہے ہیں اور حقیقت بھی یہی ہے کہ پاکستان کا طرز عمل بھارت کی جانب سے کیے گئے متعدد اقدامات کی وجہ سے تبدیل ہوچکا ہے۔