فیصل آباد (محمد عتیق الرحمن) تھر بنجر نہیں، ایک احساس جگانا ہے۔ پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ نے تھر بنجر نہیں مہم کا آغاز یکم مارچ سے کر دیا ہے جو اکتیس مارچ تک جاری رہے گی۔مہم کا مقصد تھر کی حالت زار پر حکام بالا کی توجہ مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ تھر میں موجود وسائل کو بھی دنیا کے سامنے لانا ہے۔ اس مہم میں پاکستان بھر کے کالم نگار اور قلم کار حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کے بانی منصور احمد خان کا کہنا ہے کہ قلم کار اور کالم نگار معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔تھر کو بچانا ہے ایک احساس جگانا ہے مہم کے بارے میں پی ایف سی سی کے قائم مقام صدر احتشام جمیل شامی کا کہنا ہے مہم سندھ میں تھر کی حالت کو بدلنے میں معاون ثابت ہو گی۔فیصل آبادسے جوائنٹ سیکرٹری محمدعتیق الرحمن نے اس سلسلے میں پاکستان کے تمام کالم نگاروں سے دارخواست کی ہے کہ وہ تھر کے حوالے سے کالم لکھیں اوراس مسئلہ کو حکام بالا تک پہنچانے میں قلم کی طاقت کو استعمال کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔
پی ایف سی سی کے بانی اراکین، مزمل احمد فیروزی،زاہد رضا ،مقدس فاروق اعوان، اختر حفیظ، طاہرہ عالم ،آچر خا ص خیلی اس سلسلے میں کالم نگاروں کا ایک وفد تھر لے کر جا رہے ہیں تا کہ کالم نگار تھر کی حالت زار کا مشاہدہ کر سکیں ۔ جب کے پی ایف سی سی کی صوبائی کابینہ کے صدور بلوچستان سے شاہنواز بلوچ، سندھ سے اختر حفیظ، پنجاب سے ندیم نظر، خیبر پختونخوا سے محمد شکیب شریف ،گلگت بلتستان سے فہیم اختر نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ امید ہے کہ پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کا یہ قدم تھر کی صورتحال بدلنے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔
جوائنٹ سیکرٹری پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ محمد عتیق الرحمن ،فیصل آباد Muhammad Atiq ur Rehman