اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے سیکرٹری جنرل میاں رفعت قادری نے میڈیا پر حملوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت ، انسانی حقوق اور آئین و قانون کی بالادستی کا تصور ناممکن ہے۔ ارباب اقتدار میڈیا کے تحفظ کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ میڈیا نے ہر دور میں قربانیاں دے کر اس کی آزادی کو یقینی بنایا ہے۔ افسوس پاکستان میڈیا کے حوالے سے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔ لیکن حکومت نے میڈیا کے تحفظ کیلئے مطلوبہ اقدامات نہیں کئے اور ہمیشہ لولی پاپ سے کام لیا ہے۔
کوئٹہ میں ارشاد مستوئی اور ان کے دو ساتھیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں میڈیا ہائوس پر لگاتار حملے شرمناک ہیں۔ اس سے پاکستان کی عالمی سطح پر شہرت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود چینل سے شرمناک رویہ ہزاروں ملازمین کے معاشی قتل کا باعث بنے گا۔ میڈیا ورکر اس کی قطعاً اجازت نہیں دیںگے۔