پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کا خواب اب پورا ہوتا نظر آ رہا ہے، اداکار ندیم

Nadeem

Nadeem

کراچی (جیوڈیسک) سینئر اداکار ندیم نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کا خواب اب پورا ہوتا نظر آرہا ہے اوراس کے لئے نوجوان اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جس پر ہمیں ان پر فخر ہے۔

اداکار ندیم نے کہا کہ عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کی کامیابی کے بعد ہم سب اس بات سے خوش ہیں کہ آنے والے وقت میں اچھی اور معیاری فلمیں بنتی رہیں گی اور ماضی کی طرح ایک بار پھر پاکستان کی فلمی صنعت عروج پر نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اچھے موضوعات اچھی کہانی فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گی، سینئرز کو چاہیے کہ وہ نئے آنے والوں اور اچھا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ بہتر سے بہتر کام ہو سکے۔

سپراسٹار کا کہنا تھا جدید ٹکنالوجی وقت کی ضرورت ہے اور کوشش کی جانی چاہیے کہ ہم جدید سہولیات سے فائدہ اٹھائیں تاکہ ہماری فلمیں بھی دنیا کی مارکیٹ میں جگہ بنا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کی خواہش تھی کہ فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال ہوں اور نوجوانوں نے اپنی محنت اور لگن سے فلم انڈسٹری کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ہم سب کی خواہش کو پورا کر دیا جس پر ہمیں ان پر فخر ہے۔