کراچی (جیوڈیسک) پاکستان بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا۔ شہری زور و شور سے رمضان کی تیاری میں مصروف ہیں۔ سحر و افطار کے بندوبست کے ساتھ نمازو تراویح کے لیے بھی انتظام کیا جارہا ہے۔
جو اس مہینے کا خاصہ ہے۔ بالآخر وہ مہینہ آگیا جس کا سارے سال انتظار رہتا ہے، مسلمانوں کے دل اور اذہان اطاعت الہیٰ اور گناہوں سے دوری کے لیے بے قرار ہیں۔
اسی لیے اس بابرکت مہینے کے آغاز سے پہلے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، نمازیوں کےرش کے پیش نظر مساجد میں خصوصی اہتمام کیا جارہاہے۔ آج بے شمار مقامات پر تروایح کے لیے بندوبست کر لیا گیا ہے۔
سارا مہینہ درسِ قرآن اور فہم دین کی محافل بھی منعقد کی جائیں گی۔ عبادت کے ساتھ ساتھ اللہ کی نعمتوں سے استفادے کا بھی بھرپور انتظام کیا جارہا ہے۔
شہری مہینے بھر سحر و افطار کے انتظام کے لیے سودا سلف، پھل اور سبزیاں خریدنے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے بازاروں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ، جبکہ اس مہینے میں لوگ نہ صرف زکوٰة نکالتے ہیں بلکہ بڑے پیمانے پر صدقہ و خیرات کے ذریعے ضرورت مندوں کا بھی بھرپور خیال رکھا جاتا ہے۔