پاکستان (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پرویز مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کر کے جمہوریت کو سرخرو کردیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار جمہوریت پورے قد سے کھڑی ہوئی ہے، پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کے فیصلے پر سیاسی قوتیں نواز شریف کا ساتھ دیں۔
وزیر قانون نے ایک سوال پر کہا کہ جب پرویز مشرف لٹکے گا تو سب کے لیے مثال بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے آرمی چیف کی حیثیت سے آئین توڑنے کا حکم دیا تھا۔
نواز شریف کے جرات مندانہ اقدام پر پنجاب اسمبلی میں خراج تحسین کی قرار داد پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے مشرف کے تین نومبر کے اقدام کی توثیق نہیں کی تھی۔ جب ان کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا۔ تو سب کچھ سامنے آجائے گا۔