اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مختلف غیر ملکی ائیر لائنز کی فریکوئنسی میں مزید کمی کر دی ہے جس کے تحت ہفتہ وار پاکستان میں آنے والی پروازوں کی تعداد 590 سے کم کر کے 123 کر دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعداد وشمار کے مطابق قطر ائیرویز کی پاکستان کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 56 سے کم کر کے 11 کر دی گئی ہے، تبدیلی کے تحت قطر ائیرویز کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے 3 ،3 جب کہ پشاور اور سیالکوٹ کے لیے1،1 پرواز آپریٹ کرے گی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گلف ائیر کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 35 سے کم کرکے 8 کردی گئی ہے، گلف ائیرکی کراچی کےلیے 2 جب کہ لاہور،اسلام آباد اور پشاورکیلیے 1،1 پرواز آپریٹ ہوگی، گلف ائیرکو فیصل آباد، سیالکوٹ اورملتان کیلیے بھی ایک ایک پرواز کی اجازت ہو گی۔
ترکش ائیر کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 21 سے کم کرکے 3 کر دی گئی ہے جس کے بعد ترکش ائیرکی کراچی،لاہور اور اسلام آباد کے لیے 1،1 پرواز آپریٹ ہوگی۔
دوسری جانب پگاسس ائیرکی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 4 سےکم کرکےایک کردی گئی، اس کی پرواز صرف کراچی کے لیے آپریٹ ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحاد ائیرویز کی ہفتہ وارپروازوں کی تعداد32 سےکم کرکے 6کردی گئی ہے جس کے بعد اتحاد ائیر کی کراچی کیلیے 1، لاہور 2 اور اسلام آباد کیلیے 3 پروازیں لینڈ کر سکیں گی۔
سول ایوی ایشن کے مطابق سری لنکن ائیرلائنزکی ہفتہ وارپروازوں کی تعداد 4 سےکم کرکے 2 کردی گئی ہیں سری لنکن ائیر کی کراچی اور لاہور کے 1،1 پرواز آپریٹ ہوسکےگی، تھائی ائیرکی پروازیں18 سے کم کرکے 3 کردی گئی ہیں، تھائی ائیرکی کراچی، لاہور اور اسلام آبادکیلیے 1،1 پرواز آپریٹ ہو سکے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مجموعی طور پرفلائٹ آپریشن 20 فیصد تک محدود کردیا گیا ہے جب کہ پروازوں میں کمی کا حکم نامہ 5 مئی سے 20 مئی تک نافذالعمل رہے گا۔