اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبوں پنجاب، آزاد کشمیر، خیبرپختونخواہ اور شمال مشرقی بلوچستان میں گزشتہ 2 روز کے دوران ہونے والی بارشوں کے باعث دریاؤں اورندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اب تک 43 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بالائی علاقوں میں غیرمعمولی بارشوں کے بعد محکمہ موسمیات نے فلڈ وارننگ جاری کردیں جس کے بعد نہروں اور دریاؤں کے قریب بسنے والی آبادیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
چترال میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال ہے اور 30 سے 40 پل سیلابی ریلے میں بہہ گئے جب کہ 2 تحصیلوں گرم چشمہ اور کیلاش کا شہر سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔
چترال کے 400 دیہات سیلابی ریلے کے باعث متاثر ہوئے جب کہ سڑکوں اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ڈپٹی کمشنر چترال امین الحق کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے درجنوں پل بہہ گئے جس کی وجہ سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، سیلاب متاثرین کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، کسی بھی ناخوش گوارواقعے سے نمٹنے کے لئے پاک فوج اوراسکاوٹس کےجوان الرٹ ہیں۔