پاکستان کو غذائی اشیا کی تجارت میں ایک ارب 16 کروڑ ڈالر کا خسارہ

Dollars

Dollars

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سے غذائی اشیا کی برآمدات کے مقابلے میں درآمدات کا حجم زیادہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران صرف کھانے پینے کی اشیا کی تجارت میں ایک ارب 16 کروڑ 70 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں غذائی اشیا کی درآمدات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2014-15 کے دوران غذائی اشیا کی برآمد 4.249 ارب ڈالر اور درآمدات 4.549 ارب ڈالر تھی جس سے غذائی اشیا کی تجارت میں 30 کروڑ ڈالر خسارے کا سامنا تھا جو مالی سال 2015-16 کے دوران بڑھ کر ایک ارب 16 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگیا۔

غذائی اشیا کی تجارت کو درپیش خسارہ مالی سال 2014-15کے مقابلے میں 86کروڑ 70لاکھ ڈالر زائد رہا۔ پاکستان سے خوردنی اشیاء کی برآمد میں گیارہ ماہ کے دوران 12.78فیصد کمی واقع ہوئی۔ مالی سال 2014-15کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران 4.25ارب ڈالر مالیت کی غذائی اشیا برآمد کی گئی تھیں تاہم مالی سال 2015-16کے اسی عرصے کے دوران غذائی اشیا کی برآمدات 3.70 ارب ڈالر رہیں۔

اس طرح مالی سال 2014-15 کے مقابلے میں مالی سال 2015-16 کے دوران غذائی اشیا کی برآمد میں 55 کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ گیارہ ماہ کے دوران پاکستان سے چاول کی برآمد 9.77 فیصد کمی سے ایک ارب 71 کروڑ 63 لاکھ ڈالر رہی مالی سال 2014-15 کے دوران چاول کی برآمدات سے ایک ارب 90 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ مالی سال 2015-16 کے دوران باسمتی چاول کی برآمد 26.98فیصد جبکہ نان باسمتی چاول کی برآمدات میں 2.67 فیصد کمی واقع ہوئی۔ سی فوڈز کی ایکسپورٹ 2.67 فیصد کمی سے ایک ارب 31 کروڑڈالر رہی، پھلوں کی برآمدات 4 فیصد کمی سے 39کروڑ 96لاکھ ڈالر جبکہ سبزیوں کی برآمدات 8فیصد کمی سے 19 کروڑ 97 لاکھ ڈالر رہی۔ تمباکو کی برآمد 9 فیصد کمی سے ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر رہی، مصالحہ جات کی برآمد 19.67 فیصد کمی سے 7 کروڑ 16 لاکھ ڈالر رہی۔

تیل پیدا کرنے والے بیجوں کی ایکسپورٹ 57 فیصد کمی سے 2کروڑ 66لاکھ ڈالر رہی، چینی کی برآمدات 56 فیصد کمی سے 13کروڑ 22لاکھ ڈالر رہی۔ گوشت اور گوشت سے تیار غذائی اشیا کی ایکسپورٹ 13فیصد اضافے سے 25 کروڑ 33 لاکھ ڈالر رہی۔ غذائی اشیا کی برآمدات میں کمی کے برعکس درآمدات میں اضافے کا رجحان رہا۔ مالی سال 2015-16کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران 4 ارب 87 کروڑ 31 لاکھ ڈالر مالیت کی غذائی اشیا درآمد کی گئیں۔

جن میں ایک ارب 54 کروڑ ڈالر کا پام آئل، 47 کروڑ 58 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے، 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے مصالحہ جات، 24 کروڑ 48 لاکھ ڈالر کا خشک دودھ، 15 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کے خشک میوہ جات، 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مالیت کا سویا بین آئل، 52 کروڑ 81 لاکھ ڈالر مالیت کی دالیں اور ایک ارب 60کروڑ ڈالر کی متفرق کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں۔ مالی سال 2014-15کے مقابلے میں مالی سال 2015-16کے دوران چائے کی درآمدات میں 50 فیصد، مصالحہ جات کی درآمد میں 38 فیصد، خشک میوہ جات کی درآمد میں 43 فیصد اضافہ، دالوں کی درآمد میں 44 فیصد جبکہ سویابین آئل کی درآمد میں 280 فیصد اضافہ ہوا ہے۔