کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس اور نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کے فیصلے ہوگئے ۔کھیلے گئے پہلے میچ میں افغان جانباز کلب نے ڈرگ روڈ یونین کو پنالٹی ککس پر 4-3سے شکست دیدی کھیل کے دوران پہلے ہاف میں ڈرگ روڈ یونین کو حسان کے گول کی بدولت 1-0سے برتری حاصل تھی
تاہم دوسرے ہاف میں افغان جانباز کی جانب سے قاری فدا محمد نے خوبصورت گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ینگ پنجگور لیاری نے مد مقابل مضبوط حریف کورنگی بلوچ کو 1-0سے شکست دیکر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا کھیل کے دوران پہلے ہاف میں مقابلہ کسی گول کے برابر تھا تاہم دوسرے ہاف کے 45ویں منٹ میں ینگ پنجگور کے عزیز بخش نے فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا کھیل کے دوران کورنگی بلوچ کے فارورڈ نے گول کرنے کے کئی آسان مواقع ضائع کردیئے۔
آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے آرگنائزر ضمیر السلام کے اعلامیہ کے مطابق آج ٹورنامنٹ کے دو میچ کھیلے جائینگے پہلا میچ کراچی فرینڈ اور صاحبداد محمڈن جبکہ دوسرا میچ ماری پور گرین اور بجلی اسپورٹس کے مابین کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچ میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری نصیر عمر بلوچ ،انیس اختر ،عمر بلوچ ،سراج الدین طالب نے جبکہ میچ کمشنر کے فرائض منور خان اور فواد حسن اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل نے انجام دیئے۔