کراچی (اسٹاف رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے تیسرے گروپ میں خیبر پختونخواہ پولیس نے مد مقابل گلشن سوکر فٹ بال کلب کو ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دیکر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
دوران کھیل ابتداء ہی سے دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے وقفے وقفے سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا خیبر پختونخواہ پولیس کی ٹیم کو اس وقت کامیابی نصیب ہوئی جب کھیل کے 43ویں منٹ میں ان کے کھلاڑی آصف نے ایک خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلا کر کوارٹر فائنل تک رسائی دلا دی میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ضلع کورنگی کے نو منتخب حق پرست یونین کمیٹی چیئر مین سفیر حسین سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ ملیر واصف ظفر ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،سیکریٹری ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹ بال ایسوسی ایشن عبید اللہ خان ،اجمل خٹک ،ایم خالد نیشنل بنک ،حاجی امیر محمد خان ،محمد مناف ،چیئر مین ڈی ایف اے ملیر فتح محمد بلوچ ،آفیشل خیبر پختونخواہ پولیس اختر ،فیصل اور عابد بھی موجود تھے۔
کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جہانگیر خان ،محمد عمر بلوچ اور شوکت علی خان اور فورتھ ریفری کے فرائض محمد محسن نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر حاجی امیر محمد خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔