کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بنک آف پاکستان کے زیر اہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کے پی ٹی اسٹیڈیم پر جاری آل پاکستان این بی پی پریذیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کے الیکٹرک کراچی اور کے آر ایل اسلام آباد کی فائنل کی جانب پیش قدمی۔
گزشتہ روز دو کوارٹر فائنل مقابلوں کے فیصلے ہوگئے پہلے کوارٹر فائنل میں کے الیکٹرک نے مد مقابل مضبوط حریف نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل کراچی یونائیٹڈ کو 4-1سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ مستحکم کرلی ،دوران کھیل پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا کے الیکٹر ک کے ممتاز کھلاڑی عیسیٰ خان دوسرے ہاف میں گرائونڈ میں اُتارے گئے اور ان کے خوبصورت پاس پر محمود خان نے 48ویں منٹ پر پہلا گول اسکور کیا۔
اسی طرح کھیل کے 57اور 70ویں منٹ پر کے الیکٹرک کے نامور کھلاڑی کلیم اللہ نے 2گول اسکور کئے اسی دوران کھیل کے 72ویں منٹ میں کراچی یونائٹیڈ کی جانب سے نعمان نے گول اسکور کیا لیکن 82ویں منٹ پر کے الیکٹرک کے محمد رسول نے گول اسکور کرکے مقابلہ 4-1کردیا اور کھیل کے اختتام تک کے الیکٹر ک کو برتری حاصل رہی۔
دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں کے آر ایل اسلام آباد کی ٹیم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی مضبوط ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0سے شکست دیکر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ۔کے آر ایل اسلام آباد کی جانب سے محمد عمران نے کھیل کے 40اور 45ویں منٹ پر جبکہ مرتضیٰ حسین نے 48ویں منٹ پر گول اسکور کرکے کے آر ایل کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی سنیئر ایگزیگٹیو آفیسر کے الیکٹرک ذہرہ مہدی اور این بی پی آفیسرز ایوسی ایشن کے سیکریٹری محسن جمیل کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر کے پی ٹی کے اسپورٹس انچارج کرنل (ر) بصیر عالم ،کے الیکٹرک کے اسپورٹس انچارج میجر(ر) ریاض محمود ،قمر علی قریشی ،حاجی غلام محمد خان ،جنید محمد خان ،عمران بلوچ ،ڈاکٹر سید پرویز رضوی ،عظمت اللہ خان اور دیگر موجود تھے۔