کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب اور نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس پر جاری “آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ “میں بلوچ یوتھ ملیر کی ٹیم نے ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد فرینڈکلب کو 4-0سے زیر کر دیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے انیس نے دو جبکہ فیصل لطیف اور رحمن نے ایک ایک گول اسکور کئے جبکہ فرینڈکلب کوئی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بغداد اسپورٹس لیاری نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد مضبوط حریف ملیر شاہین کو 2-1سے شکست دیدی کھیل کے پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
جبکہ دوسرے ہاف میں ملیر شاہین کے سلیم خان نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0سے آگے بڑھا دیا لیکن بغداد سپورٹس کے انصار علی اور عبدالمتین نے یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کرکے نہ صرف برتری کا خاتمہ کیا بلکہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کھیل کے اختتام پر سابقہ کھلاڑی پی آئی اے عاشق علی ،سابقہ کھلاڑی کے ایم سی لعل محمد ،سابقہ کھلاڑی کے پی ٹی سلیم عرب اور عبدالغفار پی آئی اے کا تعارف دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری ضمیر السلام بھی موجود تھے۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفری کے فرائض انیس اختر ،سراج الدین طالب ،نصیر عمر ،عمر بلوچ اور خالد ممتاز جمی نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔