آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ، سپر لیگ رائونڈ کا آغاز

کراچی (اسپورٹ رپورٹر) کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری “آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ “میں سپر لیگ میچز کا آغاز ہوگیا گزشتہ روز کھیلے گئے سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم نے پاکستان اسٹل ملز کی فٹ بال ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0سے شکست دیکر 3پوائنٹ حاصل کرلئے۔

کھیل کے دوران دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا مگر پاکستان اسٹل کی ٹیم باوجود کوشش کے کوئی بھی گول اسکور کرنے میں ناکام رہی نیشنل بنک کی جانب سے مصباح نے 2اور زین العابدین نے ایک گول اسکور کئے۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے لیگ میچوں میں کامیابی حاصل کرکے کراچی یونائٹیڈ اور بلوچ محمڈن ملیر پہلے ہی سپر لیگ کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں ۔ٹورنامنٹ کے پہلے سپر لیگ میچ کے مہمان خصوصی نیشنل بنک آف پاکستان فٹ بال ٹیم کے کوارڈینٹر قمر علی قریشی نے فٹ بال کو کک لگا کر سپر لیگ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر پاکستان اسٹل ملز فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ احمد علی واسطی ،ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹر ی ضمیر السلام ،ایم اے خالد،امیر محمد خان ،رئیس احمد ،محمد قاسم این بی پی ،جنید خان ،منور خان و دیگر بھی موجود تھے سپر لیگ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفریز عبدالغفور بلوچ،انیس اختر بلوچ ،خالد ممتاز جمی اور سراج الدین طالب نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔

Football Tournament

Football Tournament