کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے اہم لیگ میچ میں مدہو محمڈن نے اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کی فیورٹ اور مضبوط ٹیم میزبان کلب کالونی اسپورٹس کو 3-1سے شکست دیدی۔
اس قبل مدہومحمڈن نے آسکانی برادرز کو لیگ میچز میں شکست دے چکی ہے ۔مدہو محمڈن اور کالونی اسپورٹس کے مابین میچ کا آغاز انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ ہوا کھیل کے 24ویں منٹ میں مدہو محمڈن کو اس وقت کامیابی ملی جب ان کے کھلاڑی علی حسن نے خوبصورت گول اسکور کیا۔
کھیل کے 39ویں منٹ میں فاتح ٹیم کی جانب سے سعید نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی جبکہ دوسرے ہاف میںکالونی اسپورٹس کی جانب سے طیب نے اپنی نفرادی کوششوں سے گیند کو جال کے سپرد کرکے مقابلہ 2-1کردیا لیکن دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں مدہو محمڈن کے زبیر نے مزید ایک گول اسکور کرکے مقابلہ 3-1کردیا۔
دوران کھیل کالونی اسپورٹس کو پنالٹی آلاٹ کی گئی لیکن مدہو محمڈ ن کو گول کیپر ریاض احمد نے خوبصورت کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنالٹی ککس روک کر تماشائیوں سے بھر پور داد وصول کی لیگ میچ میں اس کامیابی کے بعد مدہو محمڈن 6پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے اور گروپ چمپئن کی پوزیشن کے لئے ابھی مدہو محمڈن کا مقابلہ پی آئی اے سے ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش ،پٹیل اور شوکت خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔