کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب ملیر اور نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے ملیر اسپورٹس کمپلیکس پر جاری “آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک آف پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ “میں دو ٹیموں نے بڑے مارجن سے کامیابیاں حاصل کرلیں۔
ٹورنامنٹ کوالیفائنگ رائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں راشد شہید فٹ بال کلب نے مضبوط حریف لسبیلہ اسٹوڈنٹس کو 5-0سے شکست دیکر اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا فاتح ٹیم کی جانب سے محمد یونس اور فیصل نے 2،2جبکہ ذیشان نے ایک گول اسکور کیا جبکہ لسبیلہ اسٹوڈنٹس کی ٹیم کوئی بھی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
کھیلے گئے دوسرے کوالیفائینگ رائونڈ میچ میں چنیسر گوٹھ کی معروف فٹ بال ٹیم چنیسر بلو نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت گلشن اسپورٹس شاہ فیصل ٹائون کو 8-0کی عبرتناک شکست سے دو چار کردیا۔
کھیل کی خاص بات چنیسر بلو کے غلام فرید کا عمدہ کھیل تھا شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3خوبصورت گول اسکور کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ محمد علی اور شہر یار نے 2،2اور نعمان نے 1گول اسکور کیا کھیل کے دوران گلشن اسپورٹس کی ٹیم مکمل طور پر بے بس نظر آئی اور کوئی خاص کھیل پیش نہ کرسکی۔
ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ رائونڈمیں کھیلے گئے میچوں میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری نصیر عمر بلوچ ،انیس اختر ،عبدالغفور بلوچ ،عمر بلوچ اور سراج الدین نے فورتھ ریفری محمد غلام اور میچ کمشنر منور خان جبکہ میڈیا کوارڈینٹر کے فرائض شیر افضل نے انجام دیئے۔