لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے گلگت بلتستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں روسی، یوکرائین، چائنا اور پاکستانی سیاحوں کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق الطا ف حسین نے کہاکہ پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
مقامی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی مدد سے سفاک قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت ترین سزا دلوائے کیونکہ دہشت گردی کا یہ عمل صرف ظالمانہ اور سفاکانہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔ الطاف حسین نے دہشت گردوں کے ہاتھوں غیر ملکی سیاحوں کے قتل پر گہرے دکھ اور اظہار کرتے ہوئے روس، یوکرائن، چائنا اور دیگر ممالک کے سربراہوں سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔