پاکستان (جیوڈیسک)تجارتی خسارے اور درآمدی لاگت بڑھنے سمیت کم ہوتی بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان کا توازن ادائیگی مسلسل چوتھے ماہ بھی منفی رہا۔ رواں مالی سال نومبر میں مثبت سے منفی ہونے والا ملکی کرنٹ اکانٹ فروری میں بھی مثبت نہ ہوسکا۔آمدنی کم اور اخراجات زیادہ کی کہانی سنانے والا ملکی کرنٹ اکانٹ مسلسل چوتھے ماہ بھی منفی رہا۔
مرکزی بینک کے مطابق فروری میں ملکی جاری کھاتوں میں 59 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا جبکہ جولائی سے فروری کے دوران رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں مجموعی ملکی کرنٹ اکانٹ خسارہ 70 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔گذشتہ مالی سال اسی مدت میں ملکی کرنٹ اکانٹ 3 ارب 23 کروڑ ڈالر منفی رہا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران ملکی برآمدات کا مالی حجم 16 ارب 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسی دوران درآمدات کی مالیت 26 ارب 21 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی۔اس طرح آٹھ ماہ میں پاکستان کو بیرونی تجارت میں 10 ارب 17 کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا۔