پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی جانب سے صوبہ بھر میں بلین سونامی ٹری مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور کے علاقے ریگی للمہ ٹائون میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو ایک لاکھ پودے لگانے کا ٹاسک دیا گیا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اس موقع پر پودا لگا کر شجرکاری مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔ میڈیا سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چھانگا مانگا کے جنگل میں بڑے بڑے درخت کاٹ دیئے گئے۔
کندیاں کا جنگل ختم ہو گیا جبکہ راجن پور کے جنگل پر ن لیگ کے ایک سیاستدان نے قبضہ کر لیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کے لئے ایک سو ارب ڈالر جمع کئے گئے اس میں سب سے بڑا حصہ خیبر پختونخوا کو ملے گا کیوں کہ پوری دنیا میں کہیں بھی اتنی بڑی تعداد میں درخت نہیں لگائے گئے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ شجرکاری مہم میں مختلف سکول و کالجز کے طلبہ و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا جبکہ محفل کا رنگ جمانے کے لئے روایتی موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔