پاکستان کبھی بھی امداد کے حصول کی کوشش نہیں کرے گا۔ طارق سعید

مصطفی آباد/للیانی : پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں معیشت کی بحالی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں رکھا ہے، وزیراعظم نواز شریف نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی امداد کے حصول کی کوشش نہیں کرے گا تاہم تجارتی تعلقات اور پائیدار بنیادوں پر معاشی سرگرمیوں کیلئے عالمی شراکت داروں سے تجارت کے معاہدوں اور سرمایہ کاری کیلئے مذاکرات کرے گا، ان خیالات کا اظہار جزل سیکرٹری مسلم لیگ ن MYOقصور طارق سعید نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے عہدے کا حلف اٹھانے سے بھی قبل پاکستان کے دورے پر آنے والے چینی وزیراعظم سے ملاقات کی اور معیشت کی بہتری اور درپیش معاشی مسائل کو حل کرنے بارے چینی تعاون پر بات کی۔ پاکستان مسلم لیگ نون کی موجودہ حکومت کو تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی اور تمام اقتصادی ترقی کے اعشاریے نچلی ترین سطح پر چلے گئے تھے۔ گزشتہ چند سالوں سے سیکورٹی کی خراب صورتحال، بدانتظامی، بدعنوانیوں، غیر مناسب ترجیحات کے باعث معیشت تباہی کے کنارے تک پہنچ گئی تھی۔ موجودہ حکومت کے پاس معیشت کو بچانے، ترقی کی رفتار تیز کرنے ، افراط زر کے دبائو پر قابو پانے، سرمایہ کاری میں اضافہ، ٹیکس کی بنیاد وسیع کرکے ریونیو میں اضافہ اور مجموعی پیداوار بڑھانے کیلئے واضح روڈ میپ ہے جس سے نہ صرف اہم قومی ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے رقومات حاصل ہوں گی بلکہ ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔