پاکستان کا مستقبل خطرات سے دوچارہوچکا ہے این جی پی ایف

کراچی ( ) پنجاب و بلوچستان میں غیر جماعتی بنیادوں پر اور خیبر پختونخواہ و سندھ میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد قومی وحدت میں دراڑوں اور مرکز کی کمزور پڑتی گرفت کے ساتھ پاکستانی قوم کے منتشر ہونے کا ثبوت بھی فراہم کررہا ہے جبکہ لسانیت تفرقے قبائل و برادری اور طبقات کی بنیاد پر قائم منافرت و مایوسی کی وجہ سے بڑھتی ہوئی بد امنی و دہشتگردی کے اس دور میںسندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے باعث پیداہونے والی مخدوش صورتحال اور سیاسی چپقلش کے ساتھ دیہی و شہری سندھ میں بڑھتی ہوئی تفریق حالات کی مزید خرابی کا باعث بنے گی۔

نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فانڈیشن (این جی پی ایف ) کے چیئرمین عمران چنگیز ی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واضح قومی پالیسی کا تعین کئے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے بغیر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے کی جانے والی اٹھارھویں آئینی ترمیم کے مضمرات بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سامنے آنے شروع ہوگئے ہیں۔

اور اگر سیاستدانوں حکمرانوں قائدین و پالیسی سازوں نے ہوش کے ناخن لیتے ہوئے قومی مفادات کی بجائے سیاسی مفادات کیلئے قوانین سازی کی روایت جاری رکھی تو مستقبل قریب میں اٹھارھویں ترمیم کے مزید مضمرات سامنے آنے اور صوبوں کے درمیان انتشار و نفاق بڑھنے ملک کے مختلف حصوں میں مختلف نظاموں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مجروح ہونے اور عوامی پریشانیوں اور مسائل و مصائب میں اضافے کے ساتھ وفاق کے کمزور پڑنے کے خطرات و خدشات بھی موجود ہیں۔