پاکستان میں گیس اور تیل کے وسیع ذخائر : امریکی ادارہ

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکی تحقیقاتی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں شیل گیس اور تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ امریکی ادارے نے رپورٹ حکومت کو ارسال کر دی۔ توانائی کے شعبے میں تحقیق کرنے والے امریکی ادارے ای آئی اے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا 70 فیصد علاقہ شیل گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے۔ یہ گیس مٹی اور پتھر کی درمیانی تہوں میں پائی جاتی ہے۔

امریکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک کے جنوبی حصے اور سندھ طاس کا علاقہ گیس اور تیل کی دولت سے مالا مال ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ اپنی جگہ حکومت پاکستان کو ایسے ذخائر کا پتا لگانے کیلئے دیگر ذرائع سے بھی سروے کروانا چاہئے۔

ملک میں اس وقت گیس کی پیداوار 4ارب 20 کروڑ کیوبک فٹ اور تیل 70 ہزار بیرل یومیہ ہے جو ملکی ضروریات پورا کرنے کیلئے ناکافی ہے۔ صرف تیل کی درآمد کا بل گیارہ ارب ڈالر سالانہ ہے۔ ملک میں موجود زخائر کا کھوج لگایا جاتا تو آج ملک توانائی بحران کا شکار نہ ہوتا۔