لاہور (جیوڈیسک) اسلامی انقلاب لانا چاہتے ہیں جو قرآن و سنت اور آئین کے ساتھ جڑا ہو: لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مینار پاکستان پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا اجتماع عام ملک بھر سے محب وطن عوام کا تاریخ ساز اجتماع ہوگا
یہ اجتماع قوم کو مایوسی، انتشار اور انتہا پسندی و عدم برداشت کے اندھیروں سے نجات دلائے گا۔ اجتماع عام پوری قوم میں شعور بیدار کر کے عوامی طاقت کو متحد کرنے کا لائحہ عمل دے گا۔ پاکستان بھی ترقی یافتہ، خوشحال، باوقار اور ہر بیرونی دباؤ سے آزاد ہو سکتا ہے۔ پورے ملک میں اجتماع عام کی تیاریاں ہور ہی ہیں، مرد و خواتین، طلبہ اور نوجوانوں میں جو ش و جذبہ دیدنی ہے۔
مینار پاکستان پر لاہور کے عوام ملک بھر سے آئے لاکھوں مندوبین کا والہانہ خیر مقدم کریں گے۔ اس موقع پر ناظم اجتماع میاں مقصود احمد، نائب ناظم اجتماع اظہر اقبال حسن، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، بشیر احمد عارف، امیر العظیم بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے جو قرآن و سنت اور پاکستان کے آئین کے ساتھ جڑا ہوگا۔