برلن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف جرمنی کے چانسلر ہاؤس پہنچے تو ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے وزیراعظم نواز شریف کو خوش آمدید کہا اور وزراء کا تعارف کرایا۔
وزیراعظم نواز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جرمنی اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم نواز شریف اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل دونوں خوش گوار موڈ میں نظر آئے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان چانسلر ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ اور عالمی امور پر اہم بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جرمنی کیساتھ خوشگوار اور گہرے تعلقات ہیں اور پاکستان کی خارجہ پالیسی میں جرمنی کا اہم مقام ہے۔ پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی میں بھی جرمنی کا اہم کردار ہے۔
جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اہم عالمی امور پر اہم بات چیت ہوئی۔ اینگلا مرکل کی قیادت میں جرمنی عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان اور جرمنی مل کر دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
پاکستان کی مسلسل حمایت پر جرمن چانسلر اینگلا مرکل کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کئی سال سے عالمی سطح پر جرمنی ہمارا چوتھا بڑا شراکت دار ہے۔ چانسلر اینگلا مرکل پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔ توانائی فورم کے قیام میں جرمنی کے شکر گزار ہیں جبکہ جرمنی کی جانب سے فنی تربیت کے پروگرام کو وسعت دینے کا خیر مقدم اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی پاکستان میں انتہائی مقبول اور قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ ان کی پاکستان آمد کو خوش آمدید کہیں گے۔ وزیراعظم نے جرمن چانسلر اینگلا مرکل کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی اور کہا کہ آئندہ سال ان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں جرمن چانسلر اینگلا مرکل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔ پاکستان کیساتھ دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاکستانی برآمدات کو جرمنی میں خوش آمدید کہیں گے۔ جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملالہ جیسی بہادر لڑکی پاکستان کی پہچان ہے۔