پاکستان کے ریاستی اداروں میں باہمی تصادم ملک کو تباہی و بربادی کی طرف لے جائے گا
Posted on April 9, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہو: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے ریاستی اداروں میں باہمی تصادم ملک کو تباہی و بربادی کی طرف لے جائے گا ، حکمران اور آرمی باہمی اختلافات کو مذاکرات کی ٹیبل پر فوری طور پر حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفترجماعت اسلامی لٹن روڈ پر جماعت اسلامی لاہور کے یو سی اُمراء صدور اور سیکرٹریز کے اہم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
میاں مقصود احمدنے کہا کہ وطن عزیز آج اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ۔ ہمارے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بنا پر ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج بعض نا عاقبت اندیش افراد اور نام نہاد دانشور قیام پاکستان کے مقاصد اور نظریہ پاکستان کے خلاف کھلم کھلا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ۔ میاں مقصود احمد نے کہا کہ لاکھوں جانوں ، عزتوں اور اربوں کھربوں روپے کی قربانیوں کے بعد حاصل کیے گئے وطن کی حفاظت کرنے کی بجائے یہود و ہنوز سے بغل گیر ہونے کی باتیں کی جا رہی ہیں جو کہ باعث شرم ہیں اور جس کی وجہ سے ملک کے کروڑوں درد دل ر کھنے والے محب وطن لوگ شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ڈکٹیشن کو قبول کر کے پاکستان کی خودمختاری اور سا لمیت کو مذاق بنانے کی گھنائونی سازش کی جا رہی ہے ۔ جسے جماعت اسلامی کی محب وطن قیادت اور کارکنان اللہ کی مدد سے ناکام بنا دیں گے، ہم کل بھی میدان عمل میں تھے اور آج بھی ملک و قوم کو گرداب سے نکالنے کے لئے اپنے سر کٹوانے کے لئے میدان میں موجود ہیں۔ میاں مقصود احمد نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی ، آئین اور قانون کے احترام سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی ادارے کی طرف سے آئین سے انحراف اور استشنٰی ہماری رسوائی اور بربادی کا سبب بنے گا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com