پاکستان کی نئی حکومت خطے کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے کام کریگی، بھارت

Raveesh Kumar

Raveesh Kumar

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت خطے کو محفوظ اور پر امن بنانے کے لیے کام کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے انتخابات کے ذریعے جمہوریت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت خوش حال اور ترقی پسند پاکستان کا خواہش مند ہے، امید کرتے ہیں نئی پاکستانی حکومت جنوبی ایشیا کو محفوظ، مستحکم پُرامن اور دہشت گردی و تشدد سے پاک خطہ بنانے کے لیے تعمیری کام کرے گی۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت سے دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے اور چیئرمین عمران خان ملک کے متوقع وزیراعظم ہوسکتے ہیں۔

عمران خان کا انتخابات میں برتری حاصل کرنے کے بعد بھارت کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے اپنے تعلقات بہتر کرنے چاہئیں، پاکستان اور بھارت کو آپس میں تجارت بڑھانی چاہیے۔

انہوں نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ ایک قدم ہماری طرف آئیں گے تو ہم دو قدم آپ کی طرف بڑھیں گے۔