کل پاکستان عظیم الشان اجتماع کے سلسلے میں مختلف علماء و مشائخ کو دعوت دینے کا سلسلہ جاری

Karachi

Karachi

کراچی : جماعت اسلامی کے تحت 21-22-23 نومبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے کل پاکستان عظیم الشان اجتماع کے سلسلے میں مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور علماء و مشائخ کو دعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں ہفتے کے روز امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے روئیت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن اور معروف عالم دین شیخ الحدیث مولانا اسفند یار خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب ،نائب امراء برجیس احمد ،مسلم پرویز ،جمعیت اتحا دالعلماء کے مولانا عبد الوحید ،جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر مفتی منیب الرحمن اور شیخ الحدیث مولانا اسفند یار خان نے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ ملک کی موجودہ صورت حال میں جماعت اسلامی کا اجتماع عام ایک مثبت قدم ہے ۔سراج الحق نے پاکستان کی سیاست میں مثبت کرداد ادا کیا ہے اور افہام و تفہیم سے معاملات حل کرانے کی کوشش کی ہے۔

بین المذاہبی ہم آہنگی اور اتحاد امت کے لیے ان کی کوششیں اور کا وشیں قابل قدر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو بھی ملک میں امت کے اتحاد اور باہمی اخوت و یکانگت کے لیے کوشش کرے گا ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔قوم اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔