پاکستان کی ششماہی برآمدات 12 ارب 7 کروڑ ڈالر تک محدود

PBS

PBS

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کی برآمدات کے مقابلے میں درآمدات کی رفتار نسبتاً تیز ہونے کی وجہ سے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ 33.97 فیصد کے اضافے سے 12ارب 13 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 9ارب 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک محدود تھا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے دسمبر 2014 تک پاکستان کی برآمدات 4.31 فیصد کی کمی سے 12ارب 7 کروڑ 30لاکھ ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 12 ارب 61 کروڑ 70لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔

اس عرصے میں درآمدات 11.68 فیصد کے نمایاں اضافے سے 24ارب 20کروڑ 30لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو جولائی سے دسمبر 2013 تک 21ارب67کروڑ 10لاکھ ڈالر تھیں، اس طرح 6 ماہ میں درآمدات کی مالیت میں 2 ارب 53 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ برآمدات میں 54 کروڑ 40لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 6ماہ میں سال بہ سال 3ارب7کروڑ60لاکھ ڈالر بڑھا۔

اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ماہ یعنی دسمبر2014 میں برآمدات سال بہ سال 4.64 فیصد گھٹ کر 2ارب 15 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، درآمدات 8.37 فیصد کے اضافے سے 3 ارب 85 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 31 فیصد بڑھ کر 1ارب 70 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہو گیا۔ پی بی ایس کے مطابق دسمبر2014 میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 9.66 فیصد، درآمدات میں 6.31 فیصد اور تجارتی خسارے میں 2.34 فیصد اضافہ ہوا۔