لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کے بعد اب کوچ اور منیجر اختر رسول نے بھی استعفی دیدیا ہے۔ پی ایچ ایف کے پانچ سالہ دور میں اپنے مخالفین کو گول کرنے والے ہاکی عہدیدار ایک ایک کر کے میدان سے باہر ہونے لگے ہیں۔ ماضی کے اسٹار اختر رسول نے چیف کوچ اور منیجر قومی ہاکی ٹیم کے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
ان کی جگہ اسسٹنٹ کوچ طاہر زمان ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ساتھ ہی آسٹریلیا میں ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ہاکی کے 27 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹیم میں شکیل عباسی، وقاص شریف، محمد عرفان اور محمد زبیر ڈراپ کر دیئے گئے۔ سلمان اکبر، رضوان سینئر، حسیم خان، فرید احمد اور راشد محمود لیگ کھیلنے کی وجہ سے شرکت نہیں کریں گے۔ ادھر سابق کپتان وسیم احمد نے ایک بار پھر ہاکی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔