لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اور کیمپ لگانے کے لیئے وزیر اعظم پاکستان سے 30 کروڑ روپے کی فوری گرانٹ مانگ لی۔
ہیرو رخصت ہوئے، فینز نے منہ موڑ لیا، ٹیلنٹ دم توڑ گیا، اب پیسوں کے لالے پڑ گئے، یہ ہے پاکستان ہاکی کی عجب کہانی۔ فیڈریشن کے پاس نہ کیمپ لگانے کے پیسے ہیں نہ ٹیموں کو باہر بھیجنے کا خرچہ، بیس ماہ سے تو کھلاڑیوں کو تنخواہ بھی نہیں ملی۔ خزانے میں صرف سات لاکھ روپے باقی ہیں۔
ہاکی فیڈریشن نے وزیراعظم سے تیس کروڑ روپے کی گرانٹ مانگ لی، سوال یہ ہے، کیا پیسے مل گئے تو میدان آباد ہو جائیں گے، کیا پاکستان ہاکی کا سنہری دور لوٹ آئیگا، کیا گرانٹ کی وصولی ٹیلنٹ ملنے کی ضمانت ہوگی، یا صرف خرچے ہی پورے ہوں گے، پیسے تو پچھلی حکومت نے بھی خوب دئیے، مگر قومی کھیل کو ملا کیا، ورلڈ کپ میں آخری نمبر، پھر میگا ایونٹ سے چھٹی ہو گئی، یعنی رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا۔