اسلام آباد (جیوڈیسک) ہاکی ایشیا کپ کیمپ کیلئے شامل پاکستان ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑیوں کے پاسپورٹس اسلام آباد میں چھین گئے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تینوں پلیئرز کے نئے پاسپورٹس بنوانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں ماہ کے آخر میں ملائیشیا میں ہونیوالے ایشیا کپ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کے پاسپورٹس ملائیشین سفارت خانے میں جمع کرانے کیلئے اسلام آباد بھجوائے۔
جہاں گزشتہ شب پی ایچ ایف کا نمائندہ پاسپورٹس کی کاپی بنوانے کی غرض سے باہر نکلا تو نامعلوم افراد نے پاسپورٹ کا ایک بیگ چھین لیا۔ جس میں سلمان اکبر، دلبر حسن اور غضنفر علی کے پاسپورٹس موجود تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے واقع کی تصدیق کی اور کہا کہ پلیئرز کے نئے پاسپورٹ ہنگامی بنیادوں پر تیار کروائیں جائیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈی جی پاسپورٹس سے تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔