پاکستان کو آئی سی سی ایگزیکٹیو کمیٹی میں جگہ مل گئی

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کوآئی سی سی ایگزیکٹیو کمیٹی میں جگہ مل گئی، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو رکن منتخب کرلیا گیا۔ بگ تھری بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا کے ساتھ ویسٹ انڈیز بھی 5 رکنی باڈی میں شامل ہے، کونسل کے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم پر بھی اتفاق ہوگیا، منظوری کے بعد محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کا موقع مل سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق تشکیل نو کے نتیجے میں بننے والی آئی سی سی ایگزیکٹیو کمیٹی میں بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد پاکستان چوتھا رکن ہوگا، اس کی نمائندگی نجم سیٹھی کریں گے، ویسٹ انڈیز کو بھی رکنیت حاصل ہوگی۔

یاد رہے کہ نئے سسٹم کے تحت تمام کمیٹیز اسی کو جواب دہ ہونگی۔ایگزیکٹیو کمیٹی آئی سی سی کے آئینی، انسداد بدعنوانی، ضابطہ اخلاق، سالمیت، ترقیاتی اور ہیومن ریسورس امورنمٹانے کی مجاز گی، وہ آئی سی سی بورڈ کو آپریشنل اور انتظامی معاملات میں ہدایات بھی دے گی۔

دوسری طرف آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کے بعد ایک نئی شق کو شامل کر لیا گیا جس کے تحت پابندی کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں کو سزا کی مدت ختم ہونے سے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہوگی۔

یاد رہے کہ نجم سیٹھی نے گذشتہ برس اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر پر پابندی میں نرمی کی درخواست کی تھی، اس پر آئی سی سی نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے کوڈ آف کنڈکٹ میں نئی شق کا اضافہ کیا ہے، اس کی آئی سی سی بورڈ سے منظوری جلد متوقع ہے جس کے بعد محمد عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کیلیے پی سی بی درخواست کرسکے گا۔

دریں اثنا نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ایگزیکٹیو کمیٹی میں نمائندگی سے پاکستان کھیل سے متعلق ہونے والے تمام اہم اور کلیدی فیصلوں میں شریک ہو سکے گا، پی سی بی اب کرکٹ کی عالمی برادری میں اگلی صفوں میں کھڑا ہوگا، اس کا یہ مقام اہم اور غیر متنازع رہے گا۔

محمد عامر کیس کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم عامر کی کرکٹ میں قبل از وقت واپسی کی طرف ایک اوراہم قدم ہے،وہ وقت دور نہیں جب پیسر ایکشن میں نظر آئیں گے۔