پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 6 سے 15 اگست تک دبئی میں ہوں گے

IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان چوتھے اقتصادی جائزے کے حوالے سے مذاکرات رواں ماہ کے دوران دبئی میں شروع ہونگے۔

وزارت خزانہ حکام کے مطابق دبئی میں شروع ہونے والے مذاکرات میں اپریل سے جون کے عرصے کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق 6 سے 15 اگست تک ہونیوالے مذاکرات میں مالی سال 2014 کی آخری سہ ماہی کے دوران معیشت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

تکنیکی سطح کے مذاکرات 6 اگست سے شروع ہوں گے جس میں وزارت خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت پانی و بجلی کے حکام شریک ہوں گے جبکہ وزیر خزانہ 8 اگست کو دبئی روانہ ہوں گے۔

اور 11 اگست کو آئی ایم ایف کے سربراہ جیفری فرینک سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں اسٹیٹ بینک کی خودمختاری، بجلی کے نظام میں اصلاحات اور معیشت کے دیگر شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔