پاکستان آئی ایم ایف کو رواں ماہ 14 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کریگا

IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان آئی ایم ایف کو 27 ستمبر کو مزید 14 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرے گا جو مسلسل 18 ویں قسط ہوگی، قسط کی ادائیگی کے بعد روپے پر دباو برقرار ہنے کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایاکہ قرض کی ادائیگی اسٹینڈ بائی پروگرام کی 18 ویں قسط کے طور پر ادا کی جائے گی۔ اب تک 17 قسطوں میں آئی ایم ایف کو ساڑھے تین ارب ڈالر واپس کیئے جاچکے ہیں۔

اس سے پہلے اگست میں آئی ایم ایف کو 56 کروڑ ڈالر واپس کئے گئے تھے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے نومبر 2008 میں اسٹینڈ بائی پروگرام کے تحت 7 ارب 80 کروڑ کا قرض لیا تھا۔ چار ستمبر کو پاکستان نے آئی ایم ایف سے مزید 6 ارب 64 کروڑ ڈالر کا قرض لیا اور یہ قرض Extended fund facility کے تحت لیا گیا جس کی پہلی قسط 54 کروڑ ڈالر موصول ہوگئی ہے جس سے روپے کی گرتی ہوئی قدر اور زرمبادلہ کو سہارا ملا ہے۔