کراچی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے جنرل سیکریٹری کو جی سیکیموزو نے وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگار کامران مائیکل کی قیادت میں پاکستانی وفد کی آئی ایم او کے 28 ویں سیشن میں شرکت کو سراہا ہے۔
وزارت پورٹس اینڈ شپنگ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستانی وفد میں سینیٹر کامران مائیکل کے علاوہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے چیئرمین صدیق میمن، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جنرل منیجر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ غلام علی میمن اور وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہ کے ڈائریکٹر پروٹوکول لائژن و کونسلر نعمان بشیر خان شامل تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اعلیٰ سطح کے وفد نے بیرون ملک میری ٹائم سیکٹر کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی۔ بعد ازاں اس تقریب کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر کو ایک میٹنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان آئی ایم او کے 2015 میں ہونے والے الیکشنز میں کیٹیگری سی کی رکنیت کیلیے الیکشن لڑے گا۔ وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستانی وفد نے اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا۔