اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ایک صاحب کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنی اس لیے بنائی جاتی ہے کہ ٹیکس بچایا جا سکے، لوٹی ہوئی دولت کو چھپایا جا سکے اور منی لانڈرنگ کی رقم کو ٹھکانے لگایا جائے، عمران خان نے آف شور کمپنی کے 3 استعمال بیان کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان دوسروں پر انگلیا اٹھا رہے تھے تو محسوس ہوتا تھا کہ انھوں نے آف شور کمپنی کا نام پہلی بار سنا ہے۔ ایسا لگتا تھا کہ آف شور کمپنیوں سے متعلق عمران خان کے علم میں تمام برائیاں آئی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاسی جماعت کے سب سے زیادہ اراکین آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں۔
عمران خان، جہانگیر ترین اور علیم خان کا تعلق آف شور کمپنی سے ہے جبکہ عمران خان کی بہن کے نام بھی آف شور کمپنی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ ٹیکس بچاتے ہیں ، لوٹی ہوئی دولت بچاتے ہیں اور منی لانڈرنگ کا استعمال کرتے ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بد کم کم ہیں اور بدنام زیادہ ہے جبکہ اس بیچاری جماعت کی صرف ایک آف شور کمپنی نکلی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کے کسی وزیر کا تعلق آف شور کمپنی سے نہیں ہے۔
آف شور کمپنیوں بنانے والوں میں تحریک انصاف سب سے بڑی ملزم جماعت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی آف شور کمپنی 1983 میں قائم ہوئی۔ تحریک انصاف آف شور کمپنیوں بنانے والوں میں سینیئر ملزم ہے، تحریک انصاف کی یادداشت سب سے کمزور ہے ، گزشتہ 3 ہفتوں سے عمران خان آف شور کمپنی کے کوڑے سے سب کی پٹائی کر رہے تھے ، عمران خان کی زبان پر نواز شریف کا نام سیکڑوں بار آیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے انتخابات سے پہلے کبھی ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا اور نہ اثاثے ڈکلیئر کیے، جبکہ پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر اپنے اثاثے ڈکلیئر کرتا ہے اور ٹیکس جمع کراتا ہے، عمران خان نے کبھی آف شور کمپنی ڈکلیئر نہیں کی جبکہ عمران خان کی بہن نے بھی تسلیم کیا ہے کہ ٹیکس بچانے کے لیے آف شور کمپنی بنائی۔
ان کا عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جتنے جرائم پاکستان میں کیے جاتے ہیں اس میں آپ کی پارٹی بھی شامل ہے۔ پرویز رشید کا عمران خان سے سوالات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آپ نے آف شور کمپنی کو پوشیدہ اور چوری کیوں رکھا؟ آف شور کمپنی سے کہاں کہاں جائیدادیں خریدی گئیں؟ آف شورکمپنی سے کتنی آمدنی ہوتی تھی؟ پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو آف شور کمپنیوں کے حوالے سے عوام کو جواب دینا ہو گا۔