کراچی (جیوڈیسک) پاکستان نے سیریز کا شاندار انداز میں آغاز کرتے ہوئے پہلے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے شاداب خان نے صرف 7رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان کی ٹی 20 میچوں میں یہ مسلسل پانچویں فتح ہے۔
بارباڈوس میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 111 رنز بنائے۔ نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو 25کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 13رنز بناکر ہولڈر کی گیند پر وکٹ کے پیچھے والٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ابھی اسکور 40رنز پر ہی پہنچا تھا کہ کامران اکمل تیز ی سے رنز بنانے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر لوئس کو کیچ دے بیٹھے۔ کامران اکمل نے 17 گیندوں پر 22رنز کی اننگز کھیلی۔محمد حفیظ نے دورے کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور 12گیندوں پر صرف 5رنز ہی بناسکے۔
یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 46رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔
اس موقع پر بابر اعظم 29رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک نے ناقابل شکست 38رنز بناکر گرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کیا۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 17اعشاریہ 1اوورز میں حاصل کرلیا۔
شاداب خان کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیسن ہولڈر نے دو، جبکہ سیموئل بدری اور بریتھویٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھویٹ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ایوین
لوئس اور چیڈوک والٹن نے اننگز کی شروعات کیں، صرف 13کے اسکور پر ایوین لوئس کو احمد شہزاد نے ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ کردیا، وہ صرف 10رنز ہی بناسکے۔ مارلن سیموئلز کوصرف 7رنز پر عماد وسیم ایل بی ڈبلیو کردیا۔
شاداب خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں صرف ایک کے عوض پہلے والٹن اور پھر لینڈل سمنز کو پویلین کی راہ دکھائی، پھر دوسرے اوور کی دوسری بال پر سنیل نارائن کو بھی آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کو مشکلات سے دوچار کردیا، صرف 42رنزپر میزبان ٹیم کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
حسن علی نے روومین پاول کو آؤٹ کرکے ویسٹ انڈین ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ ویسٹ انڈیز کو ساتواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کائرون پولارڈ وہاب ریاض کی گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بریتھویٹ اور ہولڈر نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 37رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 111رنز تک پہنچادیا، میچ کی آخری گیند پر ہولڈر14رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، کپتان بریتھویٹ نے 27گیندوں پر ناقابل شکست 34رنز بنائے۔ یوں ویسٹ انڈیزٹیم مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 111رنز بناسکی۔
پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے چار اوورز میں صرف 7رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عماد وسیم، سہیل تنویر، حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز سے سیریز جیت کر پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پانے کا موقع مل جائے گا۔ سیریز میں چار۔صفرسے کلین سوئپ سے کامیابی گرین شرٹس تیسرے نمبر پر پہنچا دے گی، تین۔ایک سے فتح کی صورت میں پاکستان ٹیم 2 درجے ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر فائز ہوسکتی ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان 113 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ ویسٹ انڈیز 116 پوائنٹس جوڑ کر چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔
سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 30مارچ کو پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔