پاکستان اور بھارت میں 5 کرکٹ سیریز کھیلنے کا تحریری معاہدہ

Pakistan, India

Pakistan, India

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان اور بھار ت کے کرکٹ بورڈ ز کے درمیان 5 سیریز کھیلنے کا تحریری معاہدہ طے پا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کیساتھ تحریر ی معاہدہ ہوا ہے کہ وہ نئے فیوچر ٹورز پروگرام میں پاکستان کیساتھ 3 ہوم اور 2 اوے سیریز کھیلے گا۔

ایک ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق نجم سیٹھی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان آئی سی سی گورننس اور فنانشل پر معاملات بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کی مشروط حمایت کیلئے رضا مند ہے اس سلسلے میں بھارت کیساتھ 5 سیریز کھیلنے کا تحریری معاہدہ ہواہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں اس معاملے کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا یا کوئی پری میچور بیان نہیں دینا چاہتا لیکن یہ طے ہے کہ بھارت نے تمام کرکٹ بورڈز کیساتھ کرکٹ سیریز کھیلنے کے تحریری معاہدے کیے ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

معاہدے کے تحت پاکستان 3 سیریز کی میزبانی کرے گا اور 2 میں بھارت کا مہمان بنے گا،انہوں نے کہا کہ سیریز کھیلنے کیلئے نیوٹرل مقام ہوگا جو یواے ای یا کوئی اور ملک بھی ہوسکتا ہے ، ماضی میں تو بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کیساتھ کھیلنے سے ہی انکار کرتارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سیریز کھیلنے کا وقت آئے گا تو مقام اور دیگر تفصیلات طے کر لی جائیں گی۔