اسلام آباد (جیوڈیسک) افغانستان میں تین بھارتی قونصلیٹ را کے اڈے پاکستان میں دہشت گردی کے لئے فنڈنگ اور ٹریننگ میں ملوث نکلے۔
افغان خفیہ ایجنسی کے دفاتر میں بھی را کے ڈیرے۔ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو اعلیٰ حکام کی بریفنگ میں انکشافات۔ چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع مشاہد حسین سید نے ان کیمرہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ بھارت کے مزار شریف ، قندھار اور جلال آباد قونصلیٹس میں را کے سیل کام کر رہے ہیں جن میں سی پیک کے حوالے سے بھی ڈیسک ہے۔
بھارت دہشتگردوں کو اسلحہ اور تربیت بھی دیتا ہے۔ گرفتار بھارتی افسر کلبھوشن یادیو 2013 میں پاکستان آیا تھا ۔ مشاہد حسین نے بتایا نائین الیون کے بعد پاکستان کو اب تک سی ایس ایف فنڈ میں تیرہ ارب ڈالر ملے 20 کروڑ ڈالر ملنا باقی ہیں۔
امریکا نے بارڈر مینجمنٹ کے لئے دس کروڑ ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان نے اسے فاٹا میں خصوصی ترقیاتی پراجیکٹس کیلئے 8 ارب ڈالر فراہم کرنے کا کہا ہے۔