پاک بھارت بینک دونوں ممالک میں شاخیں کھولیں گے

Anand Sharma, Khurram Dastgir

Anand Sharma, Khurram Dastgir

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر تجارت آنند شرما نے کہا ہے کہ پاکستانی بینک بھارت میں اور بھارتی بینک پاکستان میں اپنی شاخیں کھولیں گے۔ بھارتی وزیر تجارت کی دعوت پر پاکستانی وزیر تجارت خرم دستگیر بھارت کے دورے پر ہیں۔ دونوں ہم منصبوں کی ملاقات کے دوران پاک بھارت تجارتی تعلقات میں بہتری کیلئے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا گیا۔

پاک بھارت وزرا ئے تجارت کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت سے متعلق سہولتوں کیلئے اقدامات فروری میں شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

بھارتی وزیرتجارت آ نند شرما نے پاکستانی وزیر تجارت خرم دستگیرکی جانب سے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی، وہ فروری میں پاکستان آئیں گے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاک بھارت تجارت کے حجم کو بڑھانے اور تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ملاقات میں معیشت اور تجارتی تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔

پاک بھارت وزرا ئے تجارت نے دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے کسٹمز معاملات اور واہگہ اٹاری بارڈر پر کاروباری ویزے کے حصول کے لیے کام کا دورانیہ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، واہگہ بارڈرز سے کارگو کنٹینرز کے ذریعے تجارت کرنے اور کاروباری ویزے کے حصول سے متعلق کام کا دورانیہ بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔