لاہور (جیوڈیسک) پاک بھارت سرحدی محافظوں کے پانچ روزہ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، اجلاس میں مثبت انداز سے معاملات حل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے درمیان پانچ روزہ اجلاس ہوا۔ پاکستان کی طرف سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید نے نمائندگی کی، بھارت کی طرف سے ڈی جی بی ایس ایف لیفٹیننٹ جنرل شری شبھاس جوشی نے شرکت کی، ششماہی اجلاس میں بارڈر پر دفاعی تعمیرات روکنے، کسی قسم کے اشتعال پر فوری طور پر فلیگ میٹنگ بلائی جانے۔
سمگلنگ کی روک تھام اور خفیہ معلومات کے تبادلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی، اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فلیگ میٹنگ، تصفیہ طلب معاملات پر بات چیت اور مثبت انداز میں معاملات کو حل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مشترکہ پٹرولنگ اور معلومات کے تبادلے یقینی بنایا جائے گا۔غلطی سے بارڈر پار کر جانے والے افراد کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے اور دونوں ممالک کی فورسز، ورکنگ باؤنڈری اور انٹرنیشنل تنازعات کے فوری حل کے لئے پرامن کوششوں کو جاری رکھیں گی، دونوں ممالک فائر بندی کے معاہدے پر عملدرآمد اور باؤنڈری فورس کے تعلقات میں بہتری لانے پر بھی متفق ہوئے۔