ممبئی (جیوڈیسک) پاک بھارت کرکٹ سیریز 20 دسمبر سے 3 جنوری تک سری لنکا میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق پاک بھارت کرکٹ سیریز سری لنکا میں کھیلے جانے کا امکان ہے جب کہ 20 دسمبر سے 3 جنوری تک 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلی جاسکتی ہے۔ سیریز کے زیادہ تر میچز کولمبو میں کھیلے جانے کا امکان ہے جب کہ دونوں ٹیموں کی میزبانی کے لئے سری لنکا کا کینڈی شہربھی متوقع وینیو ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دعویٰ کیا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز متحدہ عرب امارات کے بجائے سری لنکا میں کھیلی جائے گی جس میں ون ڈے اور ٹیسٹ کے بجائے 5 یا 6 میچز پر مشتمل صرف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہی کھیلی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی سی بی چیئرمین شہریار خان اور بی سی سی آئی صدر ششانک منوہر کے درمیان آئی سی سی کے ہیڈکوارٹر دبئی میں ملاقات ہوئی جس میں کرکٹ سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم اس ملاقات میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔