پاک بھارت فلیگ میٹنگ آئندہ ہفتے ہو گی

Flag Meeting

Flag Meeting

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک بھارت سرحدوں پر حالیہ دنوں میں کشیدگی اور تناؤ کی صورتحال پر پاک بھارت افواج کے درمیان فلیگ میٹنگ آئندہ ہفتے ہو گی۔ بھارتی فورسز کی جانب سے گذشتہ دنوں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈر پر گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، اس فائرنگ کے نتیجے میں 13پاکستانی شہید ہو چکے ہیں۔

پاکستان نے بھارتی فائرنگ پرشدید احتجاج کیا ہے جبکہ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی وضاحت کی ہے کہ فائرنگ کے واقعات میں پہل پاکستان کی طرف سے نہيں ہوئی۔ گذشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اس صورتحال پرغور کیا گیا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ پاکستان اس صورتحال پر نہ صرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھے گا بلکہ اس کے فوج مبصر گروپ کو بھی سرحدوں کے معائنے کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت افواج کے درمیان فلیگ میٹنگ اگلے منگل کو ہو گی۔