پاکستان (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ہم اپنے ایٹمی پروگرام کے تحفظ اور نگرانی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ نیویارک سرکاری ریڈیو کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے نیویارک میں ایٹمی تحفظ کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی تحفظ کو مستحکم کرنے کیلئے کئی سال سے ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
ہم اپنے ایٹمی پروگرام کے تحفظ اور نگرانی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی مواد، مراکز اور تنصیبات محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ایٹمی اثاثوں کو تحفظ فراہم کرنا اس ملک کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان میں ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کیلئے کمانڈ کنٹرول اور نگرانی کا موثر نظام موجود ہے۔